کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگڈئیر( ر) خالد کھوکھر نے پی ایچ ایف کا نیا سکریٹری کراچی سے لانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں پی ایچ ایف کا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہونے والے دور میںقومی ہاکی میں بہتری اور مثبت نتائج ، باصلاحیت کھلاڑیوں کے سامنے آنے کے فار مولے کو اپنانے پر بھی غور کررہے ہیں،نئے سکریٹری کے سابق کپتان سمیع اللہ مضبوط امیدوار ہیں،جبکہ، اصلاح الدین نوید عالم کے علاوہ کرنل محسن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں تاہم یہ اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں کہ پی ایچ ایف کے حکام کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سکریٹری سید حیدر حسین کے حق میں ہیں کہ انہیں اس ذمے داری پر لایا جائے، حیدر حسین اس وقت پی ایچ ایف کانگریس کے رکن نہیں ہیں تاہم اگر ان کے حق میں کوئی فیصلہ کیا گیا تو انہیں سندھ سے کانگریس میں لایا جاسکتا ہے، اس بات کی بھی اطلاع ہیں کہ پی ایچ ایف کی ایک اہم شخصیت نے چندروز قبل حیدر حسین سے رابطہ کر کے کراچی ہاکی کے لئے ان کی کا کردگی کو سراہا ہے۔ پی ایچ ایف میں اہم تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہے۔