• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دے دیا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دے دیا اور کہاہے کہ ن لیگی صدر جیو نیوز پر آجائیں،ثابت کروں گا وہ این آر او چاہتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان،شہزاد اقبال کے ساتھ‘ گفتگو میں شیخ رشید نے اپنی حکومت کو وارننگ دی اور کہا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی لگانے والے پچھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف این آر او کے متلاشی ہیں اور اس پر بھرپور انداز سے کام ہو رہا ہے،عمران خان کا حقیقی دوست ہوں انہیں ہمیشہ صحیح مشورہ دوں گا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سگار کی طرح این آر او کی بھی 5 سے 6 قسمیں ہیں،انہوں نے پہلی سیڑھی پر قدم رکھا ہے، وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ کے الزامات کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ مجھے تاش کھیلنا نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا درست نہیں،نیا پاکستان میں یہ نہیں ہونا چاہیے کہ قلندر باہر پھریں اور قانون کے تحت چور پارلیمنٹ کے اندر جائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ چوری بھی کریں،اپوزیشن لیڈر بھی بنیں، اسپیکر کافیصلہ ہے میں کچھ نہیں کہتا،عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں لیکن حکومتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما کا کیس لڑا اب دوسرا لڑنےجا رہاہوں،حدیبیہ اور ایل این جی کیس میں پیش ہوں گا،کوئی راضی ہویا خفاہو،سانپ اور شہباز شریف اکٹھے آرہےہوں تو پہلے سیاسی طورپر شہباز شریف کو مارو،ان کی اولادیں دنیا کے مہنگے ترین علاقوں میں رہتی ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہاکہ ایک دن یہ سب پچھتائیں گے،لعنت ہے ایسے نظام پر جس میں چور،چوکیدار ایک ہی صف میں کھڑے کردیے گئے، اگر یہ نظام چلتا تو یہ جیل میں ہوتے،ای سی سی میں رزاق داود سے نوک جھونک چلتی رہتی ہے، چور چاہے اس طرف کا ہو یا میری طرف کا، نہیں بچنا چاہیے۔

تازہ ترین