وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اتنا طوفان مچایا ہوا ہے کہ جیسے آصف زرداری، فریال تالپور کو کلین چٹ مل گئی ہو۔
میڈیا سے گفتگو میں ضیا ض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری تو بچہ اور معصوم ہے، ان کے پیچھے فنکار تو کوئی اور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی،حکومت نے نہیں،سپریم کورٹ اور نیب پر کوئی دباؤ نہیں، یہ آزاد ادارے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2 ناموں کو ای سی ایل سے نکالنے اور ایک نام جے آئی ٹی سے نکالنے کی بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف نام نکالنے کے فیصلے پر پی پی قائدین لڈیاں ڈال رہے ہیں،سمجھ رہے ہیں جیسے کوئی قلعہ فتح کرلیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین کے حالات 2 ماہ بعد مریم اورنگزیب کے جیسے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ نیب 2 مہینے میں تحقیقات مکمل کرے۔