• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس چیف کا مختلف تھانوں کا دورہ،4افسران معطل

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے شہر کے 4 تھانوں اور ایک ٹریفک سیکشن کے اچانک دوروں کے دوران سپاہ کی فلاح و بہبود اور صفائی ستھرائی میں عدم دلچسپی پر ایک ڈی ایس پی اور 3 ایس ایچ اوز کو معطل کردیا جبکہ ایک ڈی ایس پی، ہیڈ محرر اور ڈیوٹی افسر سے وضاحت طلب کرلی۔


کراچی پولیس چیف نے اچھی کارکردگی پر ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور ایس آئی او کو تعریفی سرٹیفیکیٹ اور 35 اہلکاروں کو نقد انعامات دیے۔

سی سی پی او ڈاکٹر امیر احمد شیخ سب سے پہلے ڈاکس تھانے پہنچےجہاں صفائی نہ ہونے پر ڈی ایس پی جیکسن، ہیڈمحرر اور ڈیوٹی افسر سے وضاحت طلب کر لی گئی جبکہ مچھر کالونی میں منشیات فروشی روکنے میں ناکامی پر ایس ایچ او ڈاکس کو فوری طور پر معطل کردیا۔

انہوں  نے لیاری کے کلری تھانے میں اسلحہ خانہ کا معائنہ کیا اور ہتھیاروں کی بہترین دیکھ بھال پر ڈاکٹر امیر شیخ نے کوت( اسلحہ خانہ) انچارج کو نقد انعام دیا جبکہ کلری تھانے کے مجموعی طور پر 22 اہلکاروں کو باوردی درست اور چاکو چوبند ڈیوٹی دینے پر انعامات سے نوازا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کھارادر اور میٹھادر تھانوں میں پہنچے تو ڈی ایس پی ایس ایچ اوز اور دیگر دفاتر چمک دمک رہے تھے جبکہ اوپر کی منزل پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور عمارت کچرا کنڈی کا نمونہ پیش کر رہی تھی، بیرکس کی چھت کا پلستر جگہ جگہ سے اکھڑ رہا تھا۔

ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے اسے پولیس افسران کی سپاہ کی فلاح و بہبود میں عدم دلچسپی قرار دیا۔ انہوں نے ڈی ایس پی کھارادر اور کھارادر میٹھادر تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کردیا۔

انہوں نے کھارادر اور میٹھادر تھانے میں صفائی ستھرائی میں مصروف ریٹائرڈ ضعیف خاتون کو دو ہزار روپے انعام دیا جبکہ ڈی ایس پی بغدادی، ایس ایچ او اور ایس آئی او کلری کو اچھی کارکردگی پر سرٹیفیکٹ دینے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین