• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سال کی پہلی بارش کہاں کہاں ہوئی؟

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی اور بلدیہ ٹاؤن میں ہلکی بارش کے بعد شہر قائد کا موسم قدرے سرد ہو گیا،صبح سویرے ہونے والی بارش پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں ملیر، فیڈرل بی ایریا کے بعض علاقوں اور عباس ٹاؤن میں بھی علی الصبح پھوار پڑی جبکہ شہرکےزیادہ ترعلاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی تھی، تاہم دن بھر ابر اور دھوپ چھاؤں کا سماں رہا، تاہم رات میں ٹھنڈی ہواؤں نے شہر کو لپیٹ میں لے لیا اور شہرمیں رات گئے قدرے خنکی بڑھ گئی۔

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی میں بھی معمولی اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 3روز کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہونے والی بوندا باندی سےدرجہ حرارت میں کمی آگئی، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد رہا، شمال مشرق سے ہوائیں 11کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، اتوار سے سردی کی ایک اور لہر آنے کا امکان ہے، سائبرین ہوائیں چلنے سے آنے والے کچھ دن سرد رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، بادل برسنے سے ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی ہے۔

کوئٹہ میں برف باری بھی ہوئی ہے اور اس سے پہلے بارش ہوتے ہی 5فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،سکھر میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔

مری میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لوگوں نے برف باری کا بھرپور لطف اٹھایا، دیر بالا جہاں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ہر طرف برف ہی برف ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب اور خیبرپختون خوا کے کئی شہروں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی، ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

پنجاب کے ضلع حافظ آباد اور گرد و نواح میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں برف باری جاری ہے، وادی کے بالائی علاقے کیل شاردہ گریس میں 2 فٹ سے زیادہ برف گرچکی ہے جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر اٹھ مقام اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

اُدھر نکیال اور گرد و نواح میں تیز بارش جاری ہے، بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، چترال میں لواری کے مقام پر برفباری کے باعث لواری ٹنل آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔

لواری پر دو فٹ تک برف پڑچکی ہے، کوہستان میں برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم ٹریفک کےلیے بند ہو گئی۔

بلوچستان کے علاقے حب اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے دوران 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

وادی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

شہر کے اطراف موجود پہاڑوں کی چوٹیاں برف سے ڈھک گئیں،بارش کے ہوتے ہی شہرکے کئی بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرگئے اور شہر میں بجلی غائب ہوگئی۔

تازہ ترین