لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اپنے گھر سے احتساب کے آغاز کا وعدہ پورا کریں تاکہ حقیقی احتساب لوگوں کو نظر آئے اور کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ ملے کی صرف اپوزیشن کی پارٹیوں سے احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہاہے۔حکومت پانچ ماہ میں کوئی ریکوری نہیں کر سکی،ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائےان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں رہنے اور مشرف کا ساتھ دینے والے جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار موجودہ حکومت میں اکٹھے ہو گئے ہیں۔ اربوں کھربوں لوٹنے والوں نے ملکی سیاست کو یرغمال بنارکھاہے۔ پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں مگر پھر وہی چہرے نئی پارٹیوں اور جھنڈوں کے ساتھ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہو جاتے ہیں۔ نظریاتی قیادت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ جماعت اسلامی سب کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے ۔ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کا بیانیہ آج بچے بچے کی زبان پر ہے عوام حکومت اور اپوزیشن سب کا احتساب چاہتے ہیں ۔