پشاور( خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے نیپال میںسیف گیمز اور ملائیشیا میں ورلڈ ایجوکیشن بورڈز ٹورنامنٹ میں سلور میڈلز جیتنے والے مردان کے کھلاڑیوں محمد کاشف اور عروج علی میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد وزیر مہمان خصوصی تھے ریجنل سپورٹس افسر کاشف فرحان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیف گیمز انڈر 15 میں سلور میڈل جیتنے والے محمد کاشف کو 50 ہزار اور ورلڈ ایجوکیشن بورڈز باسکٹ بال ایونٹ میں سلور میڈل جیتنے والی عروج علی کو 30 ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مردان عابد خان وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، مردان کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوںمیں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہر قسم تعاون کرے گی۔