سکھر (بیورو رپورٹ) شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی اور مسائل حل نہ کئے جانے کیخلاف لوگ سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال سمیت دیگر شہری مسائل حل نہ کئے جانے کیخلاف سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کی جانب سے قریشی گوٹھ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حاجی جاوید میمن، مولانا عبیداللہ بھٹو و دیگر نے کی۔ مظاہرین نے ٹائروں کو نذر آتش کرکے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہاکہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے، لوگ مسائل کے حل کے لئے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں مگر افسران و منتخب بلدیاتی نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں، کاغذوں کی حدتک سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کرکے بالا حکام کو مطمئن کیا جارہا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہے، شہر کی اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، لوگوں کو پینے کا پانی میسر نہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر شہری مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔