• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5ماہ گزر گئے وزیراعظم پارلیمنٹ نہیں آئے ،لگتا ہے اشتہار دینا پڑیگا،خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ علیمہ خان کی جائیدادوں کی وضاحت عمران خان کو ہر صورت میں دینا ہوگی، وزیر اعظم کہتے تھے کہ ہر بدھ کو پارلیمنٹ آؤں گا اور وہ پانچ ماہ سے پارلیمنٹ میں نہیں آئے، عمران خان کی گمشدگی کااشتہار دینا پڑیگا، تم 35 پنکچر کی بات کرتے تھے، اگر ہم نے کھولے تو 60پنکچر سامنے آجائینگے، حلقے کھولنے کے لئے ابھی تک کوئی کمیٹی نہیں بیٹھی، ہماری عدالتیں اب بہت مضبو ط ہیں، ہماری عدالتوںنے وزیر اعظم اور وزرا کو سزائیں دیں، فوجی عدالتوں کی ضرورت ہے تو وجہ بتائی جائے، ہم حکومت کے آگے رکاوٹ نہیں بنیں گے لیکن اگر حکومت نے آمرانہ طرز اپنایا تو پیپلز پارٹی اپنی طاقت جانتی ہے، جنوبی پنجاب کے بھائیوں کو دھوکا دیا گیا۔ وہ سکھر کے نواحی علاقے کندھرا میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ ایسے مینڈیٹ کے باوجود ہم نے حکومت کو دعوت دی آئیں کام کریں، مگر حکومت کچھ کرنے کو تیار نہیں، حکومت کو بس ایک ہی فکر ہے قرضے کیسے لئے جائیں، ڈر ہے کہ مہنگائی سے تنگ عوام سڑکوں پر نہ آجائیں۔ حکومت عوام کو صرف دھوکا دے رہی ہے، حکومت نے اگر ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں دیئے تو انہیں حکومت چھوڑنا پڑے گی۔ غریبوں کے لیے گھر نہیں مافیا کے لیے گھر بنائے جارہے ہیں، 20لاکھ میں کون غریب گھر خریدے گا، گھروں کے نام پر مافیا قرضہ لے کر ملک سے فرار ہوجائے گی، عوام موجودہ حکومت سے ایک بھی نوکری کی توقع نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا مگر حکومت پوچھنے کو تیار نہیں۔ یوریا کی بوری کی قیمتوں میں دگنا اضافہ کردیا گیا۔ بجلی، گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، حکومت غریب کا گلا دبا کر امیروں کو ٹیکس کی چھوٹ دے رہی ہے۔
تازہ ترین