اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سی پیک کے نگران (کسٹوڈین ) ہیں، سی پیک ایک قومی سٹریٹجک منصوبہ ہے ،پاکستان کو سی پیک کی سرمایہ کاری کے باعث کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں، سیاسی بے یقینی سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہوئی ، قومی منصوبوں کو متنازع بنانےسے اجتناب کرنا چا ہئے،سی پیک سرمایہ کاری کے باعث پاکستان میں توانائی کا بحران حل ہوا اور اس کے ذریعے ہم نے تھر کول جیسے قیمتی وسائل کو نکالا ،سی پیک کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ،آسان شرائط پر پاکستان میں ماڈرن ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو تعمیر کرنے میں مدد ملی ادائیگیوں کے توازن کابحران سی پیک کے باعث نہیں ادائیگیوں کے توازن کا بحران اس سیاسی ڈرامے کے باعث ہے جو ن لیگ کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے رچایا گیا۔