• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،سردی کی شدت میں اضافہ‘گیس کمی سے عوامی مشکلات میں اضافہ

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان میں بارش اور برف باری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ، کوئٹہ میں سڑکوں پر پانی جم گیا،دوسری جانب شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ میں منفی 8 ، دالبندین میں منفی 4 ، زیارت میں منفی 2 جبکہ ژوب میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔سردی کے باعث کوئٹہ کی سڑکوں پر پانی جم گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،سردی میں اضافے کے ساتھ ہی شہر سے گیس بھی غائب ہو گئی ، کئی علاقوں میں پریشر بھی کم ہو گیا ، شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے سے خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایندھن کے حصول کے لئے لکڑی اور گھریلو سلنڈروں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں ، شہریوں نے انتظامیہ سے گیس پریشر میں کمی دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین