اسلام آباد (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور حکومت ٹویٹر پر نہیں چلتیں‘ حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی، اپوزیشن روپے کی قدر میں35 فیصد کمی اور مہنگائی میں 100 فیصد اضافہ کے حوالہ سے پوچھتی رہے گی۔ منگل کو ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس پارلیمنٹ کے اخراجات کا احساس کر رہے ہیں پانچ سال تک وہ وہاں سے بھاگے رہے اور اسی پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ کی طرح الزامات لگا کر اپوزیشن سے اپنی حکومت کی ناقص کارکردگی کا این آر او چاہتے ہیں، اپوزیشن یہ این آر او کبھی نہیں دے گی اور نہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپوزیشن خاموش رہے گی اور یہ بھی حکومت کو بتانا پڑے گا کہ راتوں رات قرضوں میں کتنا اور کیوں اضافہ ہوا اور روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی کے باوجود تجارتی خسارہ میں کمی کیوں نہیں آئی۔ہم اس انتظار میں ہیں کہ آپ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا ٹویٹ کب کریں گے۔