لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں 2200کنال اراضی قبرستان کے لئے شہر خموشاں اتھارٹی کو منتقل کردی ہے جبکہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ پر کام کا آغاز اس سال شروع ہو جائے گا۔ اس بات کااعلان انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں چیمبرز آف کامرس راولپنڈی کے 7 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور قبرستان ، رنگ روڈ کے علاوہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔