اسلام آباد(اے پی پی)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ حکومت نے بلاول بھٹو اور سید مرادعلی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے میں جلدی کی ‘ عدالت کا تحریری و تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد ہی نام نکالنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ حکومت نے نام نکالنے سے انکار نہیں کیا‘ صرف تحریری آرڈر کا انتظار کیا جارہا ہے ۔بدھ کو قومی اسمبلی میں شازیہ مری اور نوید قمر کے نکتہ ہائے اعتراض پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیف جسٹس نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے نہیں بلکہ اس کا جائزہ لینے کے لئے کہا تھا۔ اس معاملے پر جب کابینہ کے اجلاس میں جائزہ لیا گیا تو یہ نکتہ اٹھا کہ ہمیں عدالت کا فیصلہ ٹی وی اور اخبارات کے ذریعے معلوم ہوا ہے، اس کا ابھی تک تفصیلی و تحریری فیصلہ نہیں ملا اس لئے تفصیلی فیصلے کے جائزے تک اس حوالے سے فیصلہ کرنا معقول نہیں ہوگا ۔