ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے، سب سے سرد مقام اسکردو رہا جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔
اسکردو سمیت بلتستان ڈویژن کے دیگر اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، نظام زندگی مفلوج، سٹرکیں سنسان ہیں، بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی، کراچی میں خنکی میں کمی آ گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں شدید برف باری کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری ہے، میدانی علاقوں میں ایک فٹ جبکہ بالائی علاقوں میں چار فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔
استور میں درجہ حرارت منفی 12، گوپس میں منفی 9، بگروٹ میں منفی 8، کالام میں منفی 6، ہنزہ اور دروش میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں 15، لاہور میں 4، پشاور میں بھی 4، کوئٹہ میں ایک، مظفر آباد میں 2، فیصل آباد میں 4، ملتان میں 6اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔