• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کی مخالف، ن لیگ میں دو آراء

کراچی(مانیٹر نگ سیل،نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی مخالفت کا اعلان کردیا۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) میں اس حوالے سے دو آراء موجود ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کا کہنا ہے فوجی عدالتوں کی کوئی ضرورت نہیں۔ جبکہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اس معاملے میں ایک موقف اختیار کریگی۔ تفصیلات کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بریفنگ میں کہا کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع کی مخالف کریگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو محدود اختیارات کی خیرات نہیں بلکہ مکمل صوبہ چاہیے ۔ کراچی میں رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، 18 ویں ترمیم پر ہم نے تمام پارٹیوں سے مشورے لیے تھے، چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی تھا ہم نے اسے ختم کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام اراکین نے مل کر 73 کے آئین کو بحال کیا، ہمارا مصمم ارادہ ہے کہ 18 ویں ترمیم کا دفاع کرینگے۔ وفاقی حکومت کے اداروں کو واپس لینے کی مذمت کرتے ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نئےچیف جسٹس سے امید ہے کہ بھٹو صاحب کا کیس حل کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ فوری طور پر جنوبی پنجاب کا صوبہ بنایا جائے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر ن لیگ میں دو آراء پائی جاتی ہیں۔

تازہ ترین