• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9ویں اور 11ویں کا رزلٹ میٹرک اور انٹر کے 60؍ دن بعد آئیگا

کراچی (محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) سندھ کے صوبائی محکمہ تعلیم نے تعلیمی بورڈز کی جانب سے انٹر سال اول اور نویں جماعت کے نتائج کے اعلان میں غیر معمولی تاخیر کا لیتے ہوئے اصولی طور پر طے کیا ہے کہ آئندہ انٹر سال دوئم (بارہویں) اور دسویں جماعت کے نتائج کے اجراء کے 60؍ دن کے اندر انٹر سال اول (گیار ہو یں) اور نویں کے نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ انٹر کامرس پارٹ ون ریگولر کے نتائج غیرمعمولی تاخیر کا شکار ر ہیں اور سالانہ امتحانات شروع ہونے میں تین ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن انٹر بورڈ کراچی نتائج کا اعلان کرنے سے قاصر ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے منٹس کے مطابق او اور اے لیول (کیمرج) کے تعلیمی سال کا آغاز یکم اگست سے، آغا خان تعلیمی بورڈ کا یکم مئی سے اور میٹرک سسٹم کے اسکولوں کا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوگا جبکہ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز 15 جولائی سے ہوگا جبکہ نویں جماعت تک کے داخلوں کو یکم جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا اور گیارہویں اور بارہویں کے داخلے 15 جولائی تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ اسکولوں میں جماعت چہارم تا ہشتم کے امتحانات 20 اپریل تک مکمل کر کے نتائج 30 اپریل تک جاری کر دیئے جائیں گے۔ میٹرک کے امتحانات کا آغاز 20 مارچ سے ہوگا جبکہ دسویں کے نتائج تمام بورڈز 30 جون تک جاری کریں گے۔ انٹر کے امتحانات کا آغاز 5 اپریل سے ہوگا اور تمام بورڈ کو نتائج کا اعلان 31 جولائی تک کرنا ہوگا۔
تازہ ترین