• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پنجاب نے انتہائی قیمتی اراضی کوڑیوں کے بھائو لیز پر دی، سپریم کورٹ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے لاہور میں ایل دی اے کے پیٹرول پمپوں کی اراضی کی لیز سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر تے ہوئے قرار دیا ہے حکومت پنجاب نے انتہائی قیمتی اراضی کوڑیوں کے بھائو لیز پر دی، فیصلے میں لیز شدہ اراضی قبضے میں لیکر سیل کرنے اور تین ماہ میں نئی نیلامی کا حکم دیا گیا ہے۔تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ لاہور کے پیٹرول پمپوں کی لیز منسوخی سے متعلق اس عدالتی حکمنامہ کا اطلاق لاہور کیساتھ ساتھ پورے صوبہ پنجاب پر بھی لاگو ہوگا اور ہائیکورٹ اس حوالے سے کسی بھی قسم کاکوئی حکم امتناع جاری نہیں کر سکے گی ،ہفتہ کے روز جاری کیا گیا یہ تحریر ی فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے قلمبند کیا ہے ،فیصلہ کے مطابق عدالت نے قرار دیا ہے کہ حکومت پنجاب نے اپنی انتہائی قیمتی اراضی مختلف افراد کو کوڑیوں کے بھا ئو لیز پر دی تھی، حکومت پنجاب لیز شدہ اراضی کو قبضے میں لیکر سیل کردے، عدالت نے پیٹرول پمپوں کی لیز کیلئے تین ماہ میں نئی نیلامی کا حکم جاری کیاہے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے لیز پر دی گئی اراضی کی لیز بھی منسوخ کردی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ آئندہ لیز صرف حکومت پنجاب ڈپٹی کمشنر کے ذریعے ہی دی جا سکے گی ، اور ہائیکورٹ اس حوالے سے کسی بھی قسم کاکوئی حکم امتناع جاری نہیں کر سکے گی، جبکہ فاضل عدالت نے پہلے سے جاری تمام حکم امتناع خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی تنازعہ کی صورت میں صرف سپریم کورٹ سے ہی رجوع کیا جاسکتا ہے، عدالت نے مذکورہ بالا احکامات کے ساتھ از خود نوٹس مقدمہ نمٹا دیاہے۔

تازہ ترین