ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کل ساہیوال میں اندوہناک واقعہ پیش آیا، شکر ہے 24 گھنٹے کے بعد وزیراعظم کو اس واقعے پر دکھ تو ہوا، شکر ہے آج وزیراعظم کو یاد تو آیا کہ وہ وزیراعظم ہیں، قوم کو بتایا جائے کہ نہتے عوام پر کیوں گولیاں چلائی گئیں، خان صاحب دکھ کے اظہار کے ٹویٹ سے بات نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ یاد کریں اس وقت کو جب آپ ہر ایشو کو سیاسی رنگ دیتے تھے، گردن سے گھسیٹ کرگلا پکڑ کروزیراعلیٰ کوعوام کے حوالے کب کررہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ آپ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے پیچھے کھڑے ہیں، بتائیں کہ اس کارکردگی پر آپ خود استعفا کب دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفا کب لے رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ خان صاحب ، یہ بتائیں کہ آپ پنجاب کو کب بند کررہے ہیں، لاہور کو کب آگ لگا رہے ہیں، آپ کو پاکستان کے عوام کو تمام سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بےحسی کی انتہا ہے بچوں کی ذمے داری لے رہے ہیں، واقعے کی نہیں۔