سکھر+گڑھی خیرو (بیورو رپورٹ/نامہ نگار) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح میں تیز و ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ اتوار کی صبح سے ہی سکھر سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں سیاہ و سفید بادل چھائے رہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہی۔ شام کے وقت شہر سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور بارش سے سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لوگوں نے وقت مقررہ سے قبل ہی گھروں کا رخ کرلیا اور سورج ڈھلنے کے فوری بعد شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں لوگوں نے دکانیں بند کرکے گھروں کی راہ لی۔ آخری سطور لکھے جانے تک شہر و گرد و نواح کے علاقوں میں تیز و ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری تھا۔گڑھی خیروسے نامہ نگار کے مطابق شہر اورگرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، عرصے بعد ہونے والی بارش کی وجہ سے لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے دوسری جانب بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب ہوگئی ہے۔