اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں جس سفاکی کے ساتھ ظلم کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی،معصوم بچے کے بیان نے واقعے کا پول کھول دیا۔
پارلیمنٹ سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ساہیوال واقعہ پر پوری قوم سوگوار ہے، یہ بڑا اندوہناک واقعہ ہے،ہم ایوان میں اس پر بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے، جیسی سیاست عمران خان نے ماڈل ٹائون اور معصوم زینب کے معاملے میں کی تھی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں مرنے والوں کی گاڑی سے کوئی فائر نہیں کیا گیا،صوبائی حکومت نے واقعے پر بار بار بیان بدلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچے نے بیان دے کر ساہیوال واقعے کا پول کھول دیا،جس نے بتایاکہ ابو نے پولیس کو پیسے دینے کی پیشکش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں نے سانحہ ساہیوال کے بعد گاڑیوں پر اسٹیکر لگوادیے ہیں کہ ہم بچے ہیں ہمیں نہ مارو۔
اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کی کارروائی معطل کرکے ن لیگ کی تحریک التوا پر بات کی جائے، جے آئی ٹی کی سفارشات پر نظر رکھنے کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے۔