فن ،محبت ، چاہت اور رشتوں کو ویزا کی ضرورت نہیں ہوتی۔ فن کاروں کو سرحدوں میں قید نہیں کیا جاسکتا ۔ سرحدوں کے دونوں جانب رہنے والے فن کاروں کو کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، وہ جب چاہیں محبت کرنے والوں سے ملنے آسکتے ہیں۔ ان جذبات کا اظہار بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ نے کراچی پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا، جس کا اہتمام پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان کی نامور اداکارہ میرا خاص طور پر مہمان فن کارہ کو ویلکم کرنے آئیں تھیں۔ بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان مجھے اب اپنا اپنا سا لگتا ہے، جب دل چاہتا ہے، محبت کا ویزا لگا کر اپنوں کے درمیان پاکستان آجاتی ہوں۔ میڈیا نے ہمیشہ فن کاروں کو بلندیوں پر پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مجھےجہاں بھی عزت کے ساتھ کام دیا جائے گا، میں ضرور کروں گی۔ پاکستان کی دو فلموں میں کام کیا، اس دوران فلم انڈسٹری کے سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ندیم اور جاوید شیخ نے میری بھرپور رہنمائی کی۔ جاوید شیخ نے فلم ’’وجود‘‘ میں دانش تیمور کے ساتھ مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا۔ یہ میری خوش نصیبی ہے اور اب ایک مرتبہ پھر میں فلم ’’چھا جارے‘‘ میں جاوید شخ اور ندیم کےسلور اسکرین پر نظر آئوں گی۔ اس موقع پر اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میں کُھلے دل سے ادیتی سنگھ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ میں نے کئی بھارتی فلموں میں کام کیا، پاکستان میں بالی وڈ موویز کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار ہوتا ہے۔ میں نے حال ہی میں ثاقب ملک کی فلم ’’باجی‘‘ میں مرکزی کردار کیا ہے۔ فلم جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ تقریب کی خاص مہمان ادیتی سنگھ کو پریس کلب کے صدر امتیاز فاران اور سیکرٹری ارمان صابر کی جانب سے سندھ کی روایتی اجرک اور پھولوں کی مالائیں پیش کی گئیں۔ پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے اطہر جاوید صوفی اور وسیع قریشی نےخصوصی شیلڈ پیش کی۔ ادیتی سنگھ نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات میں کہا کہ میں آئندہ بھی پریس کلب آتی رہوں گی۔ میری خواہش ہےکہ میرا جی، علی ظفر ، عمران عباس اور فواد خان کے ساتھ فلموں میں کام کروں۔ میں بھارت جاکرسب کو بتائوں گی کہ مجھے پاکستانی دوستوں نے کتنا پیار دیا۔ مجھے میرے ماموں اداکار ادیتہ پنچولی نے کہا تھا کہ ادیتی تم کو پاکستان میں بہت پیار ملے گا اور آج ان کی بات سچ ثابت ہوئی۔
(الف عین الف )