ساہیوال واقعے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) نے سانحہ ساہیوال پر اپنی حتمی رپورٹ شام تک دینے سے معذرت کر لی، جے آئی ٹی سربراہ سید اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے واقعے کی حتمی رپورٹ آج شام 5 بجے تک دینا ممکن نہیں۔
جے آئی ٹی سربراہ نے ممبران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا جہاں تین سے چار عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے آئی ٹی سربراہ سید اعجاز شاہ نے کہا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ دینا بھی ممکن نہیں، سائنٹیفک بنیادوں پر تفتیش کر کے حقائق معلوم کریں گے۔
جے آئی ٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ جب تک سای چیزیں واضح نہ ہوجائیں اس وقت تک کچھ نہیں کہا جاسکتا، فائرنگ کرنے والے سی ٹی ڈی کے 6 اہلکار حراست میں ہیں جن کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں اور ابتدائی طور پر ہم شہادتیں اکٹھی کررہے ہیں۔