اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کیلئے سلیکٹڈ وزیراعظم کا لفظ استعمال کرنے پر وفاقی وزیرمراد سعید برہم ہوگئے اور کہا کہ عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں ‘ آئی جے آئی کے ذریعے بننے والا وزیراعظم سلیکٹڈ تھا ۔ قومی اسمبلی میں مراد سعیدکی تقریر پر اپوزیشن ارکان نے شدیداحتجاج اور ہنگامہ کرتے ہوئے گونیازی گوکے نعرے لگائے ‘ اسپیکر ڈائس کا گھیراؤکرلیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں ‘حکومتی ارکان نے بھی جواب میں گو نواز گو ، گوزر داری گو کے نعرے لگائے ۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ہمارا منتخب وزیراعظم جب ملک سے باہر جاتا ہے توپاکستانیوں کے لیے نوکریاں لاتا ہے ۔ اپوزیشن کا وزیراعظم باہر جاتا تھا تو ’’قطری خطوط‘‘ لایا کرتا تھا‘ بلاول بھٹو حادثاتی طور پر پارٹی کے چیئرمین بن گئے ہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ کا پاکستان ٹوٹنے کے حوالے سے بیان انتہائی شرمناک ہے‘ وہ خود منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں‘ پاکستان کوئی نہیں توڑ سکتا‘ماڈل ٹاؤن میں جنہوں نے سیدھی گولیاں چلائیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے‘یہاں پر منتخب وزیراعظم کے لئے قائد حزب اختلاف نے ”سلیکٹڈ وزیراعظم“ کے الفاظ استعمال کئے۔