سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو واقعے کے 7 دن بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔
ساہیوال واقعے میں ملوث کائونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے 6 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
عدالت میں موجودڈیوٹی جج نےملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ۔
ملزمان کیخلاف 20 جنوری کو 302اور دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی جبکہ ملزمان کو حراست میں لینے کے 24 گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کوپولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی 13 سالہ بیٹی اریبہ سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچے بھی زخمی ہوئےتھے ۔
واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیئے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا، تاہم بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔
میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، دوسری جانب واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی، جس کی رپورٹ میں مقتول خلیل اور اس کے خاندان کو بے گناہ قرار دے کر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔