لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل)سانحہ ساہیوال میں چاروں افراد کے سر میں گولیاں ماری گئیں۔ سانحہ ساہیوال میں مارے گئے، زخمی6سالہ منیبہ کو گولی ہاتھ،عمیر کوران،جاں بحق بچوں کی والدہ کو4گولیاں لگیں ،افراد کی پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ میں بڑے انکشافات ہوئے ہیں جنہوں نے پورے واقعے میں پولیس کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔مقتولین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سانحہ ساہیوال میں زخمی ہونے والی 6 سالہ منیبہ کے ہاتھ میں شیشہ نہیں بلکہ گولی لگی تھی جو اس کے دائیں ہاتھ میں سامنے سے لگی اور پار ہو گئی،زخمی بچوں کی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے ننھے عمیر کو لگنے والی گولی داہنی ران کو چیرتی ہوئی دوسری جانب سے نکل گئی۔