• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، سینیٹ کمیٹی داخلہ کاوزیراعظم کو خط

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ داخلہ کمیٹی نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے کہ وہ وزیرداخلہ کی حیثیت سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کریں۔ سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ امور کا اجلاس چیئرمین رحمٰن ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں سی ٹی ڈی آپریشن کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی اور بھانجے جبکہ ذیشان کی والدہ نے شرکت کی اور کمیٹی کو سی ٹی ڈی کے ہاتھوں چار افراد کے قتل کی روداد سنائی۔ن لیگ کے سینیتر جاوید عباسی نے الزام لگایا کہ جے آئی ٹی سے کسی کو انصاف نہیں ملے گا۔بینظیر بھٹو کے قتل کی طرح کیس خراب کیا جارہا ہے۔حکومت انصاف کی فراہمی میں سنجیدہ ہے تو فی الفور جوڈیشل کمیشن قائم کرے۔ جاوید عباسی کی طرف سے صوبائی وزرا کی پریس کانفرنس میںلگائے گئے الزامات کی نشاندہی کی گئی اورکہا گیا کہ پولیس کے ذریعے انکوائری نہیں ہونی چاہیے۔ وزراءکو نشانہ بنائے جانے پر اعظم سواتی ، وسیم شہزاد اور جاوید عباسی میں تلخی ہوگئی۔ وسیم شہزاد نے کہا کہ قانون کے مطابق مجرموں کوکیفر کردار تک پہنچائیں گے۔رحمن ملک نے کہا کہ سانحہ ساہیوال ایک دلخراش واقعہ ہے،عبوری رپورٹ سینٹ میں پیش کردی تھی سانحہ چند اہلکاروں کی انفرادی غلطی ہے،چاہتے ہیں انصاف قانون کے مطابق ہو، کسی کو قانون کے خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ ذیشان کو دہشتگرد قرار دیا،کیا پہلے کبھی اس پر کارروائی ہوئی، رپورٹ آنے کے بعد دیکھیں گے۔ چیئرمین نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم کو کمیٹی کے فیصلہ کے حوالے سے لکھیں کہ وزیرداخلہ کی حیثیت سے جوڈیشل کمیشن ہونا چاہیےآپ اس کا اعلان کریں، یہ معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اسلئے آپ پیشرفت کریں ورنہ ہم ایوان میںاٹھائیں گے، عتیق شیخ نے کہا کہ ساری کمیٹی رحمن ملک کے ساتھ ہے ،پنجاب اور سندھ میں پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کیا جاتا رہا۔
تازہ ترین