اسلاما آباد (نمائندہ جنگ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہئے، بھارت انکوائری کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دے۔ منگل کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اور وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے میر واعظ کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی اقدا ما ت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر رپورٹ پر بھی بات کی گئی۔ وزیر خارجہ نے میر واعظ کو 4- 5 فروری کو ہونے والی لندن کانفرنس سے متعلق آگاہ کیااور کہا کہ یہ تمام کاوشیں عالمی برادری کی توجہ کشمیر پر مبذول کرانے کیلئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی دنیا بھر میں مذمت کی جاتی ہےاور بھارتی مظالم کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔ دوسری جانب میر واعظ نے کشمیر کیلئے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کبھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔