بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے اغوا کیے گئے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے گھر پہنچنے کی تصدیق کر دی، انہیں ڈیڑھ ماہ قبل 13دسمبر کو کوئٹہ کے شہباز ٹاؤن سے اغواء کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے بھتیجے محمد عمر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو اغوا کاروں نے کراچی میں چھوڑا، وہ آج کراچی سے بذریعہ پرواز کوئٹہ پہنچے ہیں۔
ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا کہنا ہے کہ میں ابھی زیادہ بات نہیں کر سکتا، میری بازیابی میں جس نےبھی کردار ادا کیا ہے ان کا شکریہ۔
نیور سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغوا ہونے کے بعد سے ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی اور دیگر ڈاکٹروں کی تنظیموں کی جانب سے ان کی بازیابی کے لیے کوئٹہ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈیز کا مسلسل بائیکاٹ کیا جارہا تھا۔