اسلام آباد ( حنیف خالد) وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات و نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار نےکہا ہےکہ پاکستان اوراس کے ایٹمی اثاثہ جات بکائو مال نہیں ہے اور ارب ڈالرز تو کجا سو کھرب ڈالرز بھی اور دنیا کا کوئی بھی ملک پاکستان کے ایٹمی پروگرام رول بیک نہیں کراسکتا۔ وفاقی وزیر جمعہ کی شام وزارت خزانہ کے اپنے آفس میں نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ و زیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف راحیل شریف ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج جس کے پیچھے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی محافظ ہے۔ پاکستان کم سے کم نیو کلیئر ڈیٹرنٹ قائم رکھے گا۔ وفاقیوزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کاکمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم غیرت مند ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کے ایٹمی اثاثے اتنے ہی محفوظ ہیں۔ جتنے امریکہ کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت پاک افواج اور پاکستانی قوم جان کی بازی لڑا کر بھی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایٹمی میزائل بھی پاکستان سلامی اور دفاع کیلئے ہیں۔ ہمارے کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہ تھے نہ ہیں اور نہ ہونگے۔ اسحاق ڈار نے ایک دلچسپ مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چھ سال کے عرصے میں یکے بعد دیگرے2 خونریز جنگیں ہوئیں۔ پا کستان کا ایک بازو دسمبر1971 کی جنگ میں کٹ گی مگر جب سے پاکستان نے ایٹمی پروگرام اختیار کیا اور دنیا کی7 ویں ایٹمی طاقت بنا اس کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہوئی۔ اس سے ثابت ہوا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان نے جو ایٹمی اثاثےملکی ا نجینئروں، سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کےذریعے بنائے ہیں برصغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے ضامن ہیں۔