• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم پہلے اوراب بھی بہاولپور صوبے کے حامی ہیں، طارق بشیر چیمہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو’’ جیو پاکستان‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ہم پہلے اوراب بھی بہالپور صوبے کے حامی ہیں،ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ عثمان بزدار کو موقع ملنا چاہئے،پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں،ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ کڑوا سچ سننے کا حوصلہ ہونا چاہئے،رہنما ن لیگ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،سابق ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلے سے پاکستان میں سیاحوں کی آمد بڑھ جائے گی ۔ ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تقسیم کا بل اپوزیشن کی طرف سے جمع کرایا گیا ہے ، ہم پہلے بھی اوراب بھی بہاولپور صوبے کی حامی ہیں اور ہمار ا مطالبہ آج بھی بہاولپور کو علیحدہ صوبہ بنانے کا ہے ۔ بہرحال ابھی دیکھنا ہے حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے پھر اس کے مطابق ہی ہم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا ہمارا ایک موقف ضرور ہے بطور سیاسی جماعت لیکن ہم جنوبی پنجاب کے قطعاً مخالف نہیں ہیں اور ہماری خواہش بھی ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنے لیکن ہم اپنے بہاولپور صوبے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو اچانک سے ایک بہت بڑی ذمہ داری مل گئی ہے لیکن حیرت اس بات کی ہے کہ ان کا موازنہ شہباز شریف کے ساتھ کیا جاتا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات کے حق میں ہوں کہ بالکل ان کو موقع ملنا چاہئے ۔ پی ٹی آئی نے بہت وعدے اور دعوے کئے اب ان کو مشکل پیش آرہی ہے ، توقعات بڑھنے کی وجہ عمران خان کی ماضی کے بیانات ہیں ۔ تاہم جو پی ٹی آئی نے پنجاب میں بہتری کی دعوے کئے تھے وہ ابھی تک پورے نہ ہونے پر یقینی طو رپر اس کا ملبہ بھی ان کے اوپر ہی گرے گا جس کی وجہ سے ان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

تازہ ترین