سرگودھا(نمائندہ جنگ) جیل سے ضمانت پر رہا ئی کی خوشی میں چیئرمین یونین کونسل اور اس کے ساتھیوں کی شدید ہوائی فائرنگ مصیبت بن گئی ،16ملزموں کو گرفتار کرکے دوبارہ جیل بجھوادیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یونین کونسل کوٹ راجہ کے چیئرمین عامر شہزاد رانجھا کو 6ماہ قبل بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے کیس میں گرفتار کرکے جیل بجھوادیا گیا تھا۔6ماہ بعد لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کی۔ جب وہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گاؤں پہنچا تو ملزم نے اپنے ساتھیوں کیساتھ ملکر جدید اسلحے سے زبردست ہوائی فائرنگ کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو پولیس کی گاڑی کے ٹائر بھی فائرنگ کرکے پھاڑ دئے گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے حکم پر کوٹ مومن پولیس نے چئیرمین یونین کونسل سمیت 16افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ اور تمام ملزمان کو دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔