• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں کی سوغات کی بات جائے تو ذہن میں گاجر کا حلوہ، مونگ پھلی، چلغوزے اور دیگر میوہ جات ذہن میں آتے ہیں۔ سردیوں کی سوغاتیں ذائقہ دارتو ہوتی ہیں لیکن مٹھاس کی وجہ سے نقصان کا اندیشہ بھی رہتا ہے۔ تاہم، گُڑ ایک ایسی سوغات ہے جو نہ صرف سستا اورذائقہ دار ہے بلکہ طبی فوائد سے بھی مالا مال ہے۔ گڑ کو غذائی اشیا میں بطور مٹھاس چینی کی جگہ استعمال کیا جاتا رہا ہے کیونکہ اسے صحت کے لیےمضر ہونے کےبجائے صحت بخش اور مفید تصور کیا جاتا ہے۔ دور جدید میں چینی کا بے تحاشا استعمال بڑھ گیا ہے لیکن موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی لوگ گڑ کی افادیت کے باعث اسے استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں مختلف اقسام کے گڑکی تیاری، اس کی قدر وقیمت اور مانگ میں اضافہ کردیتی ہے۔ گڑ ویسے تو بے حد شوق سے کھایا جاتا ہے لیکن عام طور پر بیشترافراد گڑ کے طبی فوائدسے ناواقف ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی گڑ کے صحت بخش فوائد کے بارے میں لاعلم ہیں تو یہ مضمون آپ کی معلومات میں قابلِ قدراضافہ کرے گا۔

نظام ہاضمہ کی بہتری

انڈیا میں فاسٹ فوڈ یا روغنی غذائیں کھانے کے بعد گڑ کا استعمال لازمی سمجھاجاتا ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق گڑمیں خوراک کو ہضم کرنے کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ کھانے کے بعد کھایا گیا گڑ معدنی انزائم اور فنکشنزکومتحرک کرتا ہے۔ یہ عمل ہاضمے کےنظام کو بہتر اورفعال بناتا ہے، جس کے سبب کھانا جلد ہضم ہوجاتا ہے۔

جسم کیلئے ڈی ٹاکسیفائیڈ

عام طور پر چینی یا کسی بھی مٹھاس کو باڈی کلینزنگ ایجنٹ کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا لیکن سائنسی تحقیق کی روشنی میںگڑ کے طبی فوائد باڈی کلینزنگ ایجنٹ کے طورپر ثابت شدہ ہیں۔ گڑخون کی صفائی کے ذریعے انسانی جسم کو صحت مند اور تندرست رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ دوسری جانب یہ نظام تنفس، پھیپھڑوں، معدہ، آنتوں حتٰی کہ جگر کی صفائی کرکے ’یورین پروسیس‘ کو مکمل طور پر درست رکھتا ہے۔

توانائی بحال رکھنا

گڑ توانائی کو بحال رکھنے کی صورت میں بھی جسم کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہماری غذا میں موجود کاربوہائیڈریٹ ، توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اسی وجہ سے یہ بے حد ضروری قرار دیے جاتے ہیں۔ ایتھلیٹ اور ایسے افراد جو حد درجہ تھکاوٹ کا شکارہوں، وہ توانائی بڑھانے کے لیےگڑ کو ایک بہترین غذا کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں جبکہ چینی یا گلوکوز کا استعمال بلڈ پریشر، بے چینی اور دل کے امراض میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے برعکس گڑاندرونی جسمانی اعضاءکونقصان پہنچائے بغیر توانائی اور جسم کو گرم رکھنے میں مددگار ومعاون ثابت ہوتا ہے۔

قبض کشا

قبض کی شکایت رکھنے والےافراد کے لیے بھی گڑ بہترین ہے۔ ماہرین، قبض کو دیگر جسمانی امراض کی جڑ قرار دیتے ہیں۔ گڑ کی قبض کشا صفات، جسم سے غیر ضروری مادوں کے اخراج میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ یہ اندرونی نظام کو متحرک کرتے ہوئے قبض سے نجات دلاتا ہے۔

منرلز کی بھرپور مقدار

چینی یا مصنوعی مٹھا س کے برعکس گڑ میں انسانی صحت کے لیے فائد ہ مند منرلز مثلاًوٹامن اے، وٹامن بی ون، وٹامن بی ٹو اور وٹامن سی کے علاوہ کیروٹین ، نکوٹین آئرن،میگنیشیم ،پوٹاشیم اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گڑ کو معدنیات کا سب سے بڑا ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ آئرن، میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مقدار سردرد یا میگرین کے درد کو قابو کرنے کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہےجبکہ گڑ میں موجود فولاد، خون میں ہیموگلوبن کی مقدار بڑھانے کے لیے مفید تصور کیا جاتاہے۔

میٹابولزم اور وزن میں کمی

میٹابولزم اس عمل کو کہتے ہیں جس کے سبب جسم لی گئی خوراک کو توانائی میں تبدیل کردیتا ہے۔ اکثر لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ ان کا وزن کم نہیں ہوپاتا، اس کی ایک وجہ میٹابولزم کا سست ہونا بھی ہے۔ گڑ میں موجود پوٹاشیم جسمانی اعضاء کو تقویت دینےاور میٹابولزم کی رفتار بڑھانے کا کام بھی سر انجام دیتا ہےجبکہ پوٹاشیم کی مقدار براہ راست وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ان فوائد سے آگہی کے بعد انتظار کس بات کا! اس موسم سرما اور بعد میںبھی اپنی خوراک میں گڑ کو شامل کیجیے اور جسمانی فوائد حاصل کیجیے۔

تازہ ترین