• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر سے روح کا رشتہ ہے،مقبوضہ کشمیر میں ظلم قبول نہیں،شاہ محمود، فوادچوہدری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا کشمیر سے تعلق زمین کا نہیں روح کا ہے، جمعہ کو کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا کشمیریوں کے ساتھ لہو بہتا ہے، کشمیر پر کئے جانیوالے مظالم دنیا سے چھپ نہیں سکتے موجودہ حکومت کشمیرکاز پر مخلص ہے۔دوسری جانب عمان میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ کشمیر کی قیمت پر بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہوں گے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ڈھا رہا ہے وہ پاکستان کو ہرگز قبول نہیں۔انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود امن کا ہاتھ بھارت کی جانب بڑھایا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کے اندر نسل در نسل آزادی کیلئے جدوجہد جاری ہے۔عمر فاروق اور محبوبہ مفتی بھی کہنے پر مجبور ہو گئے کہ کشمیر کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہورہی ہے، کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھاہے۔ فوادچوہدری نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر ظلم کی مثال نہیں ملتی، لوگ کہتے ہیں یہ مسئلہ کشمیر 1947 کا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ کشمیر کی جدو جہد دو سو سال پرانی ہے۔
تازہ ترین