• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جِلد کو خوبصورت اور جواں سال رکھنے کے لیے آپ نے ’کولاجن ‘ (Collagen)کے فوائد کے بارے میں تو ضرور سُنا ہوگا۔ بنیادی طور پر ایک قدرتی نظام کے تحت ہماری جِلد، کو لاجن کو خود کار نظام کے تحت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایک صحت مند شخص اتنا کولاجن پیدا کرتا ہے، جس سے اس کی جِلدی ضروریات پوری ہوسکیں۔ تاہم مغرب میں، دیگر کئی اقسام کے سپلیمنٹس کی طرح ’کولاجن پیپٹائیڈ پاؤڈر ڈرنکس‘ کا استعمال بڑھنے لگا ہے، تاکہ وہ اپنے جسم میں کولاجن کی کمی کو پورا کرسکیں۔ تاہم سوال یہ ہے کہ کیا کولاجن پر مبنی پروٹین ڈرنکس فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

کولاجن کیا ہے؟

کولاجن انسانی جِلد میں وافر مقدار میں پایا جانے والا پروٹین ہے۔ لچکدار ریشوں کے ساتھ کولاجن، زیریں جِلد (Dermis)اور وسطی تہہ میں موجود ہوتا ہے، جو اسے حجم اور بھرپور شکل فراہم کرتا ہے۔ کولاجن، ہڈیوں،رگوں اور نسوں، اعضا، پٹھوں،بالوں اور ہمارے جسم میں ریشوں کے پھیلے ہوئے جال میں بھی پایا جاتا ہے۔ اسے عموماً ایک ایسے Glueسے تعبیرکیا جاتا ہے، جو جسم کو جوڑے رکھتا ہے۔

کولاجن کی پکی ہوئی (Cooked)شکل کو جلیٹن (Gelatin)کہا جاتا ہے، جسے جانوروں کی کھال، نرم ہڈیوں (Cartilage)اور دیگر ہڈیوں کو اُبال کر حاصل کیا جاتا ہے۔ فروٹ جلیٹن پڈنگ، کیک، دہی، ایک خاص قسم کی مٹھائی جو شکر، جلیٹن، مکئی کے شیرے اور البومن سے بنتی ہے (Marshmallows)، آئس کریم، سوپ، ہڈیوں کے شوربے، اور یہاں تک کہ وٹامنز اور کیپسولز کی کوٹنگ میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ یہ جاننے کے بعد یہ بات بآسانی کہی جاسکتی ہے کہ آپ زندگی بھر غیرمتوقع طریقوں سے کولاجن استعمال کرتے رہتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ آپ کو کولاجن کی فکر کیوں کرنی چاہیے؟ اس کا ایک لفظ میں جواب ہے، ’جُھریاں‘۔ کولاجن ہماری جِلد کو جواں سال اور بھرپور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جِلد میں ایک کیمیائی خامرہ (Enzyme)بھی ہوتا ہے، جسے Collagenaseکہا جاتا ہے۔ یہ ہمارے جسم میں کولاجن کے پھیلے ہوئے وسیع نیٹ ورک کو توڑتا ہے۔ 25سال کی عمر تک جِلد میں کولاجن کی پیداوار اسے توڑنے والے انزائم سے زیادہ ہوتی ہے۔ 25سال کی عمر کے بعد یہ تناسب اُلٹ ہوجاتا ہے یعنی ہم جتنا کولاجن پیدا کرتے ہیں، ضائع اس سے زیادہ کرتے ہیں۔ یہی وہ دور ہوتا ہے، جب ہم جِلد پر فائن لائنز، جُھریاں، جِلد میں لٹک اور جوڑوں میں درد کو اُٹھتا محسوس کرتے ہیں۔

کیا کولاجن لینا جِلد اور بالوں کیلئے مفید ہے؟

ہم جیسے جیسے عمررسیدہ ہوتے جاتے ہیں، ہماری جِلد کولاجن پیدا کرنے کے مقابلے میں اسے ضائع زیادہ کرتی ہے، تاہم بیرونی ذرائع سے کولاجن لینے کے فوائد واضح نہیں ہیں۔ جِلدی ماہرین کا کہنا ہے ہرچندکہ کولاجن آپ کی جِلد پر نمودار ہونے والی جُھریوں کو ختم نہیں کرسکتا اور نہ ہی یہ آپ کی جِلد کو بچوں والی نرمی واپس لوٹا سکتا ہے مگر یہ ممکن ہے کہ کولاجن رنگ و روپ میں بہتری پیدا کرے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ کولاجن کا استعمال آپ کی جِلد میں لچک اور اسے بحال کرنے کے عمل کو تیز کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں آپ کی جِلد نیا کولاجن پیدا کرسکتی ہے۔ کولاجن ڈرنکس اور پاؤڈرز میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات ہوتی ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس، جِلد کے خلیوں کو نقصان پہنچانے والے ’فری ریڈیکلز‘ کی پیداوار کو روکتے ہیں۔

نتیجتاً، کولاجن ڈرنکس خراب جِلد کو بحال کرسکتی ہیں کیونکہ اینٹی آکسیڈنٹس ماحولیاتی آلودگی سے جِلد کوبچانے، فائن لائنز اور جُھریوں کو ظاہر ہونے سے روکنے اور جِلد کی ساخت کوبہتر بنانے کا کام کرتے ہیں۔

ابتدائی تحقیق سے جِلد میں لچک پیدا ہونے اور جوڑوں کے درد میں کمی کے اشارے ضرور ملے ہیں۔

کولاجن لینے کے کچھ غذائی فوائد بھی ہوسکتے ہیں۔ کولاجن پاؤڈر کے 2اسکوپ لینے سے 18گرام پروٹین حاصل ہوتا ہے۔ تاہم، بہتر نتائج کیلئے جِلد کے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ کولاجن ڈرنکس اور پاؤڈر کے بجائے کولاجن سپلیمنٹس لیے جائیں۔

جِلد کے کولاجن میں کیسے بہتری لائی جائے؟

عمررسیدہ ہونے کے علاوہ مخصوص طرح کا لائف اسٹائل جیسے شوگر، الکوحل، تمباکو کا زیادہ استعمال اور دھوپ میں زیادہ دیر رہنا بھی جِلد میں کولاجن کی پیداوار کو کم کرسکتا ہے۔ ایسے میں ایک صحت مند اور متوازن غذا جِلد میں کولاجن کی پیداوار کو بڑھانے کا اچھا طریقہ ہوسکتی ہے۔ البتہ، حقیقی اور دیرپا نتائج کے لیے آپ کو سبزیاں، پھل اورصحت مند فیٹس کا استعمال بڑھادینا چاہیے جبکہ مٹھائیوں اور پروسیسڈ کھانوں (سوزش بڑھانے والی غذاؤں) کے استعمال کو محدود کردیں۔اس کے علاوہ، وافر مقدار میں پانی پینا انتہائی ضروری ہے۔

تازہ ترین