کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت طلبہ یونین کی بحالی کے اپنے وعدے کو پورا کرے،ملک میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ ناکام ہوچکی ہیں اور اب پی ٹی آئی بھی ناکامی سے دوچار ہورہی ہے ۔ حکومت کی معاشی وتعلیمی پالیسی ناکام ثابت ہوئی ہے ۔حکومت اپنے دعوے اور وعدے پورے نہیں کرسکی ہے ، عوام موجودہ حکومت سے بھی مایوس ہورہے ہیں ۔فرسودہ نظام اور اسٹیٹس کو کی حفاظت کرنا عوام کی توہین ہے ،حج پر سبسیڈی ختم کردی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے پہلے تو حکومت کے فیصلے سے بغاوت کی لیکن اب بڑی مہارت سے وکالت کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سائٹ میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے 66ویں سہ روزہ مرکز ی سالانہ اجتماع ارکان کے دوسرے روز ہفتہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔