اسلام آباد (جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹائون کے سربراہ ،ملک ریاض حسین کیخلاف سات سال سے زیر التواء توہین عدالت کے مقدمہ اور سابق چیف جسٹس افتخا رمحمد چوہدری کے بیٹے ڈاکٹرارسلان افتخار اور ملک ریاض کے مابین مبینہ طور پر عدالتی عمل پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے ہونیوالے لین دین سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف ارسلان افتخار کی نظر ثانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے ،چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ جمعرات 7فروری کو کیس کی سماعت کریگا ،یاد رہے کہ ملک ریاض نے 2012 میں اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں نازیبا زبان استعمال کی تھی جس پر مختلف افراد اور تنظیموں کی جانب سے ان کیخلاف توہین عدالت کی متعدد درخواستیں دائر کی تھیں۔ سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ جاری کیا تھا جس کیخلاف ارسلان افتخارنے نظر ثانی کی درخواست کررکھی ہے۔