سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے سروسز اسپتال میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔
مریم نواز اپنے والد کےلئے کھانا لے کر اسپتال پہنچی تو ان کے ہمراہ شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر، بیٹا جنید صفدر اور داماد راحیل منیر بھی موجود تھے۔
مریم نواز اپنے والد کے لیے ان کی پسند کا تیار کردہ کھانا بھی لائیں ، جس کے بعد اہلخانہ نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔
سخت سیکیورٹی کے باعث شریف فیملی کو نواز شریف سے ملاقات کےلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،مریم نواز کے داماد راحیل منیر کو سیکیورٹی افسر اور اہلکاروں نے ملاقات سے روک دیا۔
راحیل منیر سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے روکے جانے پر وہیں رک گئے تاہم مریم نواز کے کہنے پر انہیں اندر جانے کی اجازت مل گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مریم نواز نے والد سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت و خلوص آپ کے ساتھ ہےاسپتال کے باہر کارکنان موجودہیں جو آپ کی صحت کے لیے فکر مند ہیں۔
انہوں نے اپنے والد سے کہا کہ انشااللہ آپ بہت جلد صحتیاب ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے۔
آج نواز شریف کے مختلف ٹیسٹ ہوئے،جن میں لیپیڈپروفائل، سی ٹی اسکین، خالی پیٹ خون کےٹیسٹ سمیت دیگر معائنے شامل تھے۔
معائنہ مکمل ہونے کے بعد نواز شریف کو سخت سکیورٹی میں ایک گھنٹے بعد دوبارہ وی آئی پی روم میں منتقل کردیا گیا۔
ٹیسٹ کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد میڈیکل بورڈ نواز شریف کو ہسپتال میں زیر علاج رکھنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔