• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک میںمالاکنڈ ڈویژن اور دیرکو بھی شامل کیا جائے، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سراج الحق نے کہا ہے کہ سی پیک میں مالاکنڈ ڈویژن اور دیرکو بھی شامل کیا جائے، تیمر گرہ میں میڈیکل کالج کا قیام بھی بہت ضروری ہے۔کراچی ایک غریب پرور شہر ہے۔ کراچی ملک کی ماں اور منی پاکستان ہے، یہاں ملک بھر کے غریب آکر آسودہ حال ہوجاتے ہیں۔ یہ شہر آگ اور خون کے طوفان سے گزرا ہے 24ہزار افراد قتل ہوئے ہیں جن میں وکلاء، ڈاکٹر، صحافی، علماء کرام اور عام شہری شامل ہیں، شہریوں نے بڑی مشکلات اور آزمائش برداشت کی ہیں لیکن ملک کے ہر فرد کو خوش آمدید کہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے ادارہ نورحق میں دیر بالا اور دیر پائیں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک کے قانون ساز اداروں کے ارکان کی آپس میں الفاظ کی جنگ چلتی رہی ہے لیکن الحمدللہ دیر بالا اور دیر پائیں کے ڈسٹرکٹ کونسلزمیں ماحول بہت خوشگوار ہے تمام ممبران ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون اور شائستگی کا برتاؤ کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی نظام میں بڑی خرابیاں ہیں، نعمت اللہ خان کے دور میں جو ترقیاتی کام ہوئے تھے اس کے بعد سے شہر کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ ہم نے شہری مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی قائم کی ہے جس کے ذریعے ہم نے کے الیکٹرک، نادرا اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل پر عوام کی ترجمانی کی ہے ، نادرا کا مسئلہ کافی حد تک حل کرایا ہے ۔ ہم نے شہر کی خدمت کی مثال قائم کی ہے ، نعمت اللہ خان کے دورمیں ہم نے مثالی ترقیاتی کام کیے۔ ڈسٹرکٹ دیربالا کے ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ نے کہا کہ دیر بالا سے 26ممبرز کا مطالعاتی دورہ ہے، ہمارے دورے کا ایک مقصد سیاحت کو فرو غ دینا بھی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا اور پورے ملک میں بلدیاتی نظام فعال اور مضبوط ہو تاکہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں اور عوام کو ریلیف ملے۔ ڈسٹرکٹ لوئر دیر کے نائب ناظم عبدالرشید نے کہا کہ کراچی میں ہم نے دیکھا کہ صفائی کا نظام انتہائی ناقص اور خراب ہے اور عوام بہت پریشان ہیں۔کراچی میں اس مسئلے کے حوالے سے جماعت اسلامی کی قیادت اور رکن سندھ اسمبلی عبد الرشید کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ رکن سندھ اسمبلی عبد الرشیدنے کہاکہ ہم برسوں سے شہری مسائل پر آواز اٹھارہے ہیں اور حکومت کو متوجہ کررہے ہیں۔ کراچی میں صفائی کے بعد سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے اورارسا سے ملنے والا پانی کراچی کی ضرورت سے کم ہے۔ اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، سیکرٹری کراچی عبدالوہاب، ڈپٹی سیکرٹری کراچی راشد قریشی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر جنید میکاتی اور دیگر بھی موجود تھے۔ جبکہ دیر بالا اور دیر پائیں کے منتخب نمائندوں میں اپوزیشن لیڈر حاجی عنایت اللہ سمیت جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سے وابستہ بلدیاتی نمائندے اور معززین شامل تھے۔
تازہ ترین