کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حکومت میں شامل مشرف کی بی ٹیم کے کچھ ناتجربہ کار کھلاڑی ہر گز نہیں چاہتے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ ذاتی مفادات کے اسیروں کے سیاسی بیک گرائونڈسے بھلا کون واقف نہیں۔ہوا کا رخ دیکھتے ہوئے سیاسی وابستگیوں کا بدلتے رہنا ان کے معمول کی بات بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج سبسڈی کا خاتمہ انہی سازشی اور مفت مشورہ دینے والوں کا کیا دھرا ہے اگر اسی طرح آنکھیں بند کرکے مشرف الیون کے مشوروں پر عملدرآمد کیا جاتا رہا تو کوئی بعید نہیں کہ جلد نماز جمعہ کی ادائیگی پر بھی ٹیکس عائد کردیا جائے گا۔ مناسک حج پر یکمشت ایک لاکھ 75ہزار روپے کا اضافہ ان افراد کے ساتھ سراسر ظلم ہے جو سالہا سال سے پیسہ پیسہ جوڑ کر حج کی ادائیگی کا خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھے تھے۔ 20 فروری سے حج درخواستوں کے جمع کئے جانے کا عمل شروع کیا جارہا ہے، اتنی قلیل مدت میں ایک غریب کیلئے اتنی بڑی رقم کا بندوبست کرنا ناممکن ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ قوم گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے حالت جنگ میں ہے، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، قوم کے ناتواں کاندھے اس مسلط کردہ جنگ کی وجہ سے اپنوں کے جنازے اٹھا کر تھک گئے ہیں قوم سکون کا سانس چاہتی ہے اسے مزید تجربات کی بھٹی میں نہ جھونکا جائے۔