مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہماری ایسی تربیت نہیں ہوئی کہ شیخ رشید اور فواد چوہدری کی زبان میں جواب دیں۔
سینئر رہنما نون لیگ احسن اقبال نواز شریف کی عیادت کے لیے سرویز اسپتال پہنچ گئے، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہذب ممالک میں ایسا سلوک کسی دشمن کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ میاں نواز شریف کے علاج کے معاملے پر لاپرواہی قابل مذمت ہے، نوازشریف قاتل نہیں ہیں انیہں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کے دل کا 2 بار آپریشن ہو چکا ہے،میاں صاحب جیل میں سخت گرمی اور سخت سردی برداشت کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تین باروزیراعظم رہنے والے کے ساتھ ایسے سلوک سے بیرونی دنیا میں کوئی اچھا پیغام نہیں جا رہا، پی ٹی آئی نے نفرت کو اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ ہر مسئلے کو مذاق بنایا جا رہا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ماضی میں کلثوم نواز کے معاملے اور نواز شریف کے آپریشن کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے مذاق بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملےکو پی ٹی آئی کی جانب سے مذاق بنایا گیا اور دائیں ہاتھ کی پٹی کو بائیں ہاتھ کی پٹی بنا دیا گیا۔
نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سابق نوازشریف کا جس ڈاکٹر نے علاج کیا ہے وہی ان کے علاج کے حوالےسے فیصلے کا حق رکھتا ہے۔