لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق اور چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کو دل کا پیچیدہ مرض لاحق ہے لیکن انہیں اس ہسپتال میں رکھا گیا ہے جہاں ان کا معائنہ کرنے والا ڈاکٹر دل کا ماہر نہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ نوازشریف نے کسی حکومت سے ڈیل کی بات کی نہ این آر او مانگا ہے، احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست میں نفرت کو اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ ہر مسئلہ کو مذاق بنایا جارہا ہے، نوازشریف کی ہارٹ سرجری اور کلثوم نواز کی علالت کو بھی مذاق بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف جیل میں سخت گرمی اور سخت سردی برداشت کرتے رہے ہیں ۔ نواز شریف کے علاج کے معاملے پر غفلت اور لاپروائی قابل مذمت ہے، نوازشریف کوئی قاتل نہیں، تین بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کے ساتھ اس طرز کے سلوک سے بیرونی دنیا میں کوئی اچھا پیغام نہیں جارہا۔انہوں نے شیخ رشید اور فواد چوہدری کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ان کے کسی جملے کا جواب دینا بھی توہین سمجھتا ہوں، ان کی جس طرح تربیت ہوئی ہے میری ایسی تربیت نہیں کہ میں کسی دشمن کیلئے بھی اس طرح کے الفاظ ادا کروں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیہ کے انتقال اوربیٹی کے ساتھ جیل چلے جانے کے بعد ڈیل ہوگی، ایسے ڈیل نہیں ہوتی۔ نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور وہ ہمیشہ اس پر کاربند رہے ہیں ۔ ان کا حق ہے کہ انہیں انصاف ملے اور ہمیں پوری امید ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا اور انہیں رہائی ملے گی۔ اس وقت ضرورت ہے کہ جس معالج نے ان کی سرجری کی ہے اس سے کنسلٹ کیا جائے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں دل کے طبی ماہرین کی نگرانی میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔