لاہور (نمائندہ جنگ) ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا کہ جے آئی ٹی سربراہ کے ساتھ لواحقین کی ملاقات ہوئی ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلی کا کہنا ہے کہ ہم ورثا کے ساتھ ہیں، انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا، متاثرہ فیملی کے ساتھ ہیں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ جبکہ سانحہ ساہیوال میں مقتول خلیل کے بھائی جمیل نے کہا ہے کہ ہم میں اور گورنمنٹ میں جو دوری تھی اب اس میں امید کی کرن نظر آئی ہے، اگر جے آئی ٹی کے شواہد سے مطمئن نہ ہوئے تو جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کریں گے،سانحہ ساہیوال میں مقتول خلیل کے دو بھا ئیو ں جلیل اور جمیل کے وکیل بیرسٹر احتشام کے ہمراہ پریس کانفرس میں مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے کہا کہ انہیں جے آئی ٹی کی طرف سے انصاف ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے اب دیکھنا یہ ہے حکومت اور جے آئی ٹی اپنے دعووں میں کس حد تک سنجیدہ ہے، اس موقع پر ان کے وکیل بیرسٹر احتشام نے کہا کہ شناخت پریڈ کے لئے کم عمر بچے عمیر کو بلوایا جا رہا ہے، بچے کے لئے مشکل ہے شناخت کرنا۔