ہسپانوی نژاد امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفرلوپیز نے اپنے چہرے، آواز اور اداکاری سے دیکھنے والوں کو 29برس سے اپنا اسیر بنائے رکھا ہے۔ لوپیزکی دلکشی و خوبصورتی کے سامنے کم ہی اداکارائیں اپنا وجود برقرار رکھ پاتی ہیں۔ جینیفر آج گلوبل آئیکون کی حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ انتہائی خوبصورت اور پرکشش خاتون ہونے کا اعزاز کئی بار حاصل کر چکی ہیں۔ فیشن اینڈ اسٹائل میگزین ان کے سرورق کے بغیرادھورے لگتے ہیں۔ آج کل وہ نوجوانوں کا میوزک ٹیلنٹ جاننے کیلئے مشہور میوزک شو کی جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ فوربس نے جینیفر لوپیز کودنیا کی انتہائی اثر پذیر شخصیات میں شمار کیا کیونکہ انھوں نے امریکا میں نسل پرستی کو کم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ لوپیز کی سدابہار جوانی کا راز معلوم کیا گیا تو انھوں نے کہا،’’میرا ایمان ہے کہ یہ بات درست ہے کہ خوبصورتی اندر سے آتی ہے‘‘۔ چہرے کودلکش اور دیدہ زیب رکھنے کیلئے صحت مندروٹین اور خوش رہنے کے طریقے ان ہی سے جانیے۔
خود کیلئے وقت نکالیں
’’جب آپ اچھی نظر آتی ہیںتو خود کواچھا انسان محسوس کرتی ہیں۔ میرے لیے پرسکون رہنے کے لیےیوگا کی سانس کی ایک مشق ہی کافی ہے۔ گہری سانس ناک سے سینے میں کھینچ کرآہستہ آہستہ منہ سے نکال میں ذہن سے ساری پریشانی اور تھکن جھٹک دیتی ہوں۔‘‘
وہ پہنیں جو دل کرے
’’اسٹائل کے لحاظ سے میں خواتین کو یہ مشورہ دیتی ہوں کہ آپ جو بھی پہنیں اس میںآرام دہ نظر آئیں۔ زندگی موج مستی ہے،اس لیے جو من بھائے وہی پہنیں۔ آپ کا ’اسٹائل سگنیچر‘ اپنا ہو،جسے دیکھ کر ہر کوئی آپ کو پہچان لے۔‘‘
خوش مزاج لوگوں میں بیٹھیں
’’ جب میں اپنی دوستوں، بہنوں اور کزنزکے ساتھ ہوتی ہوں تو ہم خوب ہلاگلا اور بیوقوفانہ حرکتیں کرتے ہیں۔ ہم پورٹو ریکن ہیں،جن میں شور شرابا اور اچھل کود کرنے کے معاملے میں بڑی توانائی ہوتی ہے۔ آپ بھی خوش مزاج لوگوں میں بیٹھیں گی تو آپ کے اعصاب سکون میں آجائیں گے ۔ ساری ٹینشن بھاگ جائے گی۔‘‘
خوب اچھی نیند لیں
’’جب آپ کام میں مصروف یا کسی پریشانی میں مبتلا ہوتی ہیں تو سب سے پہلے آپ کی نیند اُڑ جاتی ہے۔ میرا زندگی کا سب سے قیمتی وقت نیند کا ہوتا ہے، جس پر میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ بھر پور نیند میرے لیے کھانے اور ورزش سے زیادہ اہم ہےکیونکہ یہ وہ قدرتی ٹانک ہےجس کی کمی سے خوراک اور ایکسرسائز بھی اثر نہیں کرتی۔ جب آپ خوب اچھی نیند لےکر اٹھتی ہیں تو سارا دن مسرور گزرتا ہے۔ اس لیےمیں نے اپنا معمول بنا لیا ہے کہ جلدی بستر پر جاتی ہوں۔ تھوڑی دیر مطالعہ یا بچوں سے گپ شپ کرنے کے بعد مجھے خودبخود نیند آجاتی ہے۔ میری نیند کا دورانیہ10گھنٹے ہے۔‘‘
اپنی زندگی کا ہر طرح خیال رکھیں
’’میرا ماننا ہے کہ زندگی ذہن، جسم اور روح کے مابین توازن کا نام ہے۔ مختلف تجربات سے گزرتے ہوئے اب جاکر یہ سمجھ آیا ہے کہ یہ بات کتنی سچی ہے۔ جب آپ کی زندگی متوازن ہوتی ہے توآپ خوش رہتی ہیں، ہر چیز میں کمال فن حاصل کرتی ہیں۔ جب تک آپ کسی بھی کام میں توازن کا خیال نہیں رکھیں گی، تب تک آپ خوش اور صحت مند نہیں رہ سکتیں۔ زندگی کے روزمرہ کاموں کا شیڈول بنائیں۔ کام کے ساتھ تفریح بھی لازمی ہے۔ آپ جو بھی کریں اس میں جنون کی حد تک لگاؤ ہو۔ میں آپ کو یہی کہوں گی کہ یہ زندگی آپ کی ہے، آپ نے ہی گزارنی ہے تو پھر کیوں نہ اچھے طریقے سے گزاری جائے۔‘‘