اسلام آباد(جنگ نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لیے 8دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہےکہ شریف برادران کی سیاست قطری سے شروع ہوکر پتھری پر ختم ہوتی ہے، اسپیکر کا کوئی اختیار نہیں کہ مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نہ بنائے،عمران کےپاس ڈیل ہے نہ ڈھیل ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف پی اے سی میں کسی قیمت پر قبول نہیں، چاہے دنیا ادھرکی ادھر ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظار ہے کہ اگلے ہفتے شہبازشریف سےمتعلق عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے، یہ تو پکنک پر آئے ہوئے ہیں، انٹرویو دے رہے ہیں اور مزے کررہے ہیں، یہ بارگین کررہے ہیں لیکن بارگین نہیں ہوگی، گزشتہ روز ملاقات میں اندازہ کرلیا کہ عمران خان کے پاس نہ ڈیل ہے نہ ڈھیل ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا رکن ہوں، اسپیکر کا کوئی اختیار نہیں کہ مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نہ بنائے۔