سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نےاتوار کو سول اسپتال سکھر کا اچانک دورہ کیا ، متعدد انتظامی افسران اور ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے، اطلاع ملتے ہی جن ڈاکٹروں کی ڈیوٹی نہیں تھی وہ بھی اسپتال پہنچ گئے، ایم ایس سول اسپتال جو عام طور پر اپنے دفتر میں انتہائی کم وقت گزارتے ہیں ان کے ذرائع نے بھی بہترین کام دکھایااور سید خورشید شاہ کی آمد پر سول سرجن ڈاکٹر عبدالوہاب مہر بھی موقع پر پہنچ گئے، اسپتال آمد پر سید خورشید شاہ نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا تو مریضوں نے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مفت ادویات فراہم نہ کرنے ، مختلف اقسام کے ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کرانے اور ڈاکٹروں کے چیک اپ نہ کرنے کے حوالے سے شکایتوں کے انبار لگادیئے، لوگوں کے مسائل دیکھ کر سید خورشید شاہ غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور سول اسپتال انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا، نرسنگ ہاسٹل میں آوارہ کتوں کو گھومتے پایا جس پر سید خورشید شاہ مزید سیخ پا ہوگئے، اس موقع پر سید خورشید شاہ نے سول اسپتال انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنائے۔