بٹ خیلہ(نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام ملاکنڈ کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی کفایت اﷲ کی قیادت میں وفد نے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ان سے ملکی خصوصأٔ ملاکنڈ کے سیاسی حالات اور تنظیمی اُمور پر تفصیلی بحث کی ۔ اس دوران ضلعی جنرل سیکرٹری ملاکنڈ نے مرکزی آمیر کو مردان میں ہونے والے ملین مارچ کے تیاریوں کے حوالہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ ملین مارچ میں شرکت کے لئے ملاکنڈ سے کثیر تعداد میں لوگ روانہ ہونگے ۔اس موقع پر مرکزی امیرمولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے سانحہ ساہیوال کے حوالہ سے عوام کے سامنے جھوٹ بولا لیکن حقائق چند ہی گھنٹوں بعد سامنے آگئے کہ سی ٹی ڈی نے ایک ہنستے بستے گھرانے کو غم کدہ بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ماڈل ٹائون واقعے پر اُس وقت کے حکمرانوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتا رہا جبکہ سانحہ ساہیوال پر خاموشی آپنائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت روز بہ روز خراب ہوتی جارہی ہے جبکہ نئے نئے بجٹ پیش کرکے عوام پر مہنگائی ، بے روزگاری اور اضافی ٹیکس کا بوجھ ڈالا دیا گیا ۔