پشاور (نیوز ڈیسک) بجلی چوری اوربقایاجات کی ریکوری کے لئے وفاقی حکومت و صوبائی حکومت کے تعاون سے پیسکوٹاسک فورس کی کارروائیاں صوبہ بھرکے مختلف علاقوں میں جاری ہیں، مہم کے دوران پشاورسرکل اور مردان سرکل کی ٹاسک فورس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹ کنڈوں ، بجلی چوری اور نادہندہ گان کے خلاف پیسکو پشاور سرکل کی ٹاسک فورس نے ورسک 2 سب ڈویژن کے علاقوں میں کانیزہ اور پجگی روڈ پر کارروائی کی جس کے دوران 300 کنڈے ہٹائے گئے جن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ، پسکو مردان 1 ڈویژن کی ٹیموں نے کینٹ سب ڈویژن ،طورو،نواں کلی اورشیخ ملتون سب ڈویژنز کے علاقوں میں نادہندہ گان سے بقایاجات کے ضمن میں3.31 ملین روپے کی ریکوری کی،دوران آپریشن 89 کنڈے ہٹائے گئے ،55 افراد کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس سٹیشنز کونام بھیج دیئے گئے ہیں،33 نئے میٹرلگائے گئے،مردان 2 ڈویژن کی ٹاسک فورس نے مختلف علاقوں میں نادہندہ گان سے 0.82 ملین روپے کی ریکوری کی ،14 کنڈے ہٹائے گئے، ڈائریکٹ کنڈوں کے استعمال پر 9 افراد کے نام متعلقہ پولیس سٹیشنوں میں ایف آئی آرز کے اندراج کے لئے بھیج دئیے گئے،تخت بائی ڈویژن کی ٹاسک فورس نے گیارہ کے وی ہری چند فیڈرسے منسلک علاقوں میں مستقل نادہندہ گان سے بقایاجات کے ضمن میں 133000/- روپے کی ریکوری جبکہ دیگرنادہندہ گان سے 812409/- روپے کی ریکوری کی گئی ،ٹیموں نے 310 کنڈے ہٹائے۔