• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: صلہ حسین

ملبوسات: ٹینریکا بائے علی کاظمی

آرایش: سلیک بائے عینی

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

سرما سامانِ رخصت باندھنے کو ہے،مگر اس جاتی سردی میں بھی کہیں ٹھنڈی یخ ہوائیں رقصاں ہیں، تو کہیں نیلگوں آسمان کے آنچل پر گہرے بادلوں کا راج ہے۔ 

کہیں ننّھے ننّھے بارش کے قطرے دودھیا موتیوں کی مانند برس رہے ہیں، تو کہیں سے ژالہ باری کی جلترنگ بھی سُنائی دے رہی ہے اور کہیں تو ابھی تک برف کی سفید چادر نے ہر منظر کو اپنے اندر ڈھانپ رکھا ہے۔

رُت جب ایسی رنگیلی،نشیلی سی ہو، تو شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات کا بھی زور رہتا ہے۔ تو لیجیے، اس بار ہم نے اپنی بزم بھی کچھ ایسے حسین و دِل کش ملبوسات سے مرصّع کی ہے کہ ان پہناووں میں سے کوئی بھی رنگ وانداز منتخب کرکے اورخُوب سج دھج کے اگر آپ نے کسی تقریب میں شرکت کرلی تو آپ کے حُسن کی رعنائیوں سے آس پاس کا نکھرا نکھرا منظر کچھ اور بھی نکھر جائے گا۔

ذرا دیکھیے، تو را سِلک فیبرک میں نیلے رنگ ہاف کٹ ٹراؤزر کے ساتھ سلور گِرے رنگ قمیص کس قدر حسین لگ رہی ہے۔قمیص پر دھاگے، موتی کے کام نے لباس کا حُسن دوآتشہ کیا ہے، تو ساتھ نیٹ کے چُن دار دوپٹے کی ہم آمیزی بھی غضب ہے۔ فیروزی رنگ میں کٹ دانے، موتی اور نگوں کے کام سے مرصّع اسٹائلش سی قمیص کے ساتھ پلین ٹراؤزر اور ٹائی اینڈ ڈائی کا حسین دوپٹا ہے۔ تو سِلک ساٹن فیبرک میں بلیو رنگ چُوڑی دار پاجامے کے ساتھ قدرے لمبی کُرتا اسٹائل قمیص کا نداز بھی جداگانہ ہے۔جب کہ نیلے اور جامنی رنگوں کے کامبی نیشن کے دوپٹے نے تو لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے۔ پھر ایک جانب سیاہ رنگ شیفون جارجٹ میں ڈبل لیئر فراک ہے، تو رسٹ رنگ ٹراؤزر کے ساتھ سبز رنگ پرنٹڈ، قدرے چھوٹی قمیص کے ساتھ فرنٹ اوپن ایمبرائڈرڈ اَپر کے اسٹائل کے بھی کیا ہی کہنے۔

کہیے، آپ کا دِل بھی بےاختیار کہہ اُٹھا ناں؎’’ڈوبا ہوا کوئی حُسن کی رعنائیوں میں ہے…‘‘

تازہ ترین
تازہ ترین