• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی طاقتیں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم بند کرانے کیلئے کردار ادا کریں، مختلف رہنما

بارسلونا(شفقت علی رضا )جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سپین کے زیر اہتمام کشمیری حریت پسند مقبول احمد بٹ شہید کی 35ویں برسی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ ہال میں مقبول بٹ شہید اور افضل گرو سمیت دوسرے کشمیری شہداء کی تصاویر کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انڈین آرمی کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کو زخمی کرنے اور اُن کی میتیں اُٹھاتے والدین کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔ تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی برسی کی تقریب کی صدارت کشمیری رہنما سردار ماجدنے کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جاویدملک نے احسن انداز سے انجام دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری تنویر، جاویدملک، سردار ارشد، ثاقب طاہر، راجہ سونی، نامدار اقبال خان، سردار ماجد، سردار نجیب الرحمان، محمد افضل، عابد علی اور دوسرے مقررین نے مقبول بٹ شہید اور دوسرے کشمیری شہداء کی طرف سے جان کا نذرانہ پیش کئے جانے کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جاتا اسی لئے کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، مقررین نے کہا کہ انڈیا اپنی آرمی کے ساتھ ظلم و تشدد کے پہاڑ گرا کر بھی کشمیریوں کا آزادی حاصل کرنے کا جذبہ ٹھنڈا نہیں کر سکا، انہوں نے کہا کہ جدید اسلحے اور ٹینکوں کے سامنے ہاتھوں میں پتھر اُٹھائے نہتے کشمیری تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سینچ رہے ہیں، ہزاروں عصمتیں لٹ گئیں، لاکھوں شہادتیں ہوئیں اور ہزاروں نوجوانوں کو بے گناہ جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے قید کر دیا گیا، لیکن یہ سب کچھ ہونے کے باوجود امن کے ٹھیکیدار ممالک اپنی آنکھیں بند کئے بیٹھے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور انڈیا پر زور دیں کہ وہ 71سال سے جاری بربریت اور جارحیت کو فی الفور بند کرے کیونکہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ تقریب کے آخر پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

تازہ ترین